وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے لیے خصوصی مراعات پر مشتمل پیکیج دینے کی تیاری کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر تعلیمی پیکج تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کے طالب علموں کو مختلف مراعات دی جائیں گی، ان مراعات میں یونیورسٹی کی واجب الادا فیسوں کی وصولی موخر کرنا بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلباء کے لئے خصوصی اسکالر شپ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین کی صدارت میں منعقدہونے والے ایک اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین کے علاوہ وزارت تعلیم کے اعلی حکام، متعلقہ اداروں کے سربراہان اور یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت متاثرہ علاقوں میں عارضی (ٹرانزیشنل) اسکول قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
