امو حاجی نے تقریباً 50 سال تک صابن اور پانی کے استعمال سے گریز کیا۔
ان کو ڈر تھا کہ وہ بیمار ہو جائیں گے لیکن 50 سال تک نہائے بغیر زندہ رہنے والے امو حاجی کو اس عادت کی وجہ سے میڈیا نے دنیا کا غلیظ ترین فرد قرار دینا شروع کر دیا۔اورپھر کئی دہائیوں بعد پہلی بار نہانے کے چند ہی ماہ بعد ان کا 94 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔
امو حاجی نامی جوگی ایران کے جنوبی صوبہ فارس کے ایک دیہات کے رہائشی تھے جن کے گاؤں والوں نے ان کو غسل کی کافی ترغیب دی لیکن وہ ہر بار بچ کر نکل جاتے تھے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل امو حاجی نے گاوں والوں کی بات مان لی اور غسل لے لیا تھا۔ ایران کی ارنا ایجنسی کے مطابق اس غسل کے بعد امو حاجی بیمار پڑ گئے اور گذشتہ اتوار ان کا انتقال ہو گیا۔
وہ اپنی اس عادت کی وجہ سے مشہور شخصیت بن چکے تھے۔ 2014 میں انھوں نے تہران ٹائمز کو انٹرویو بھی دیا جس میں انھوں نے بتایا کہ ان کو خارپشت کھانا پسند ہے۔ وہ زمین میں کھودے ایک سوراخ میں رہتے تھے۔ گاوں والوں نے پھر ان کے لیے ایک جھونپڑی بنا دی۔